اوگرا نے عوامی شکایات کو تیزی سے نپٹانے کے لیے کنزیومر افیئرز ڈیپارٹمنٹ قائم کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے عوام کی شکایات کو تیزی سے حل کرنے اور میرٹ پرفیصلہ فراہم کرنے کے لیے حال ہی میں کنزیومر افیئرز ڈیپارٹمنٹ (CAD)تشکیل دے دیا جو شکایات کے اعداد و شمار کو ہم آہنگ کرنے اور شکایت کنندگان کو) CRPR، 2003 (کے تحت اپنی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے ایک ہی فورم پر اپیل کا اختیار فراہم کرے گا۔

اوگرا نے صارفین کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں اپنے علاقائی دفاتر قائم کر رکھے ہیں اور قواعد کے مطابق شکایات اور فیصلہ کرنے کے لیے افسران تعینات کیے ہیں۔ مالی سال 2020-21میں اوگرا کے نامزد افسران نے 8272 شکایات کا فیصلہ کیا ، 1341گیس کنکشن مہیا کیے۔ صارفین کو 118ملین روپے کا ریلیف دیا اور فریقین کو اپیل کا موقع بھی فراہم کیا۔صارفین اپنی شکایات بذریعہ ڈاک، ای میل یا براہ راست اوگرا کی ویب سائٹ پر درج کروا سکتے ہیں۔

اوگرا عوام کو اوگرا کی لائسنس یافتہ گیس ،آئل مارکیٹنگ ، ایل پی جی، ایل این جی کمپنیوں اور سی این جی سٹیشنز وغیرہ کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے مفت انصاف محدود اورکم وقت میں دستیاب کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہی وجوہات کی بنا پر اوگرا نے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کنزیومر افیئرز ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں