سردی دوبارہ لوٹ آئی، محکمہ موسمیات نے کن کن شہروں میں مزید بارشوں کی نوید سنا دی؟

اسلام آباد (پی این آئی) جاتی سردی لوٹ آئی، ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور برفباری۔ تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رواں موسم سرما کے دوران ملک میں معمول سے کم بارشیں ہوئی۔ ماہرین موسمیات نے بتایا کہ عمومی

طور پر فروری مارچ میں بارشیں ہوتی ہیں مگر اس بار بارشیں برسانے والاسسٹم نہیں بنا اسی لیے گزشتہ دو ماہ میں معمول سے انتہائی کم بارشیں ہوئی۔معمول سے کم بارشیں ہونے کی وجہ سے ہی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم قدرے گرم ہو گیا تھا۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ ملک میں مغربی ہواوں کے سلسلے کے داخلے کے بعد کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور برفباری شروع ہو چکی ہے۔سرد ہواوں کے ملک میں داخل ہونے اور بارش و برفباری کے بعد جاتی سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے کئی علاقوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں میں گزشتہ چند روز کے دوران موسلادھار بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں مسلسل برفباری نے موسم دوبارہ انتہائی سرد کر دیا۔ جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت بلوچستان، خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں اور پنجاب کے بھی کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش آزاد کشمیر میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں کی وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ پانچویں روز بھی جاری ہے۔اب آئندہ 24 گھنٹوں کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم خیبر پختونخوا ، کشمیر،گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ یہاں واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کچھ روز قبل ہی پیشن گوئی کی تھی کہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے سے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگا، جس سے کئی علاقوں میں پیدا ہونے والی خشک سالی کی صورتحال کا خاتمہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں