کے الیکٹرک کی پوری انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے،کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے،چیف جسٹس گلزار نے کے الیکٹرک کے خلاف سخت ایکشن کا عندیہ دیدیا

کراچی(پی این آئی)چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ”کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے، کے الیکٹرک کی پوری انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے ، ہم حکم نامہ بھی جاری کریں گے۔کراچی میں بل بورڈز گرنے کے معاملے کے ازخود

نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے کے الیکٹرک کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے کے الیکٹرک کے سی ای او کی فوری طلبی کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کراچی کو بنانے والا کوئی نہیں، لوگ آتے ہیں جیب بھر کر چلے جاتے ہیں، شہر کیلیے کوئی کچھ نہیں کرتا، کے الیکٹرک والے بھی یہاں مزے کر رہے ہیں، بجلی والوں نے باہر کا قرضہ کراچی سے نکالا ہے۔جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ روز8 ،10 لوگ کرنٹ لگنے سے مرجاتے ہیں، کسی کی اتنی ہمت کہ وہ کراچی کی بجلی بند کرے، کےالیکٹرک نے اربوں کھربوں کےحساب سے کما لیا ہے، کے الیکٹرک کے ڈائریکٹرزکو گرفتارکیا جائے اورانہیں جیل بھیجا جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے، کے الیکٹرک کی پوری انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے، ہم حکم نامہ بھی جاری کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں