امریکی ریاست میں عیدوں پر سرکاری چھٹی کا اعلان

امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مسلمان کمیونٹی کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو سرکاری تعطیلات قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے اسمبلی بل پر دستخط کردیئے، جس کے بعد یہ قانون بن گیا ہے۔

امریکی مسلمانوں کی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر-سی اے) کیلیفورنیا نے قانون کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔

قانون کے تحت عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باقاعدہ طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کو درپیش ایک دیرینہ مسئلے کا بھی حل نکالا گیا ہے، کیونکہ عیدین کے موقع پر انہیں نماز کی ادائیگی اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔

قانون کے تحت کیلیفورنیا کے مسلمان ملازمین پہلے سے حاصل شدہ چھٹی کے حق کو استعمال کرتے ہوئے عید کی تعطیلات مناسکیں گے۔

عید کی تعطیلات کو سرکاری طور پر تسلیم کیے جانے سے متعلق اس قانون کو مارچ کے آغاز میں اسمبلی ممبر میٹ ہینی نے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔

میٹ ہینی کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا ملک کی سب سے بڑی اور متحرک ترین مسلم کمیونٹی کا گھر ہے اور ان کی روایات احترام کی حقدار ہیں۔