روس کے مشرقی علاقے امور میں منگل کے روز ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں بتایا کہ 29 ستمبر کو ایک ٹی یو-95 طیارہ تربیتی پرواز کے دوران امور ریجن کے ایک غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی رکن کو طیارے سے نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزارت دفاع نے واضح کیا کہ پرواز کے دوران طیارے میں کوئی گولہ بارود یا اسلحہ موجود نہیں تھا۔
ٹی یو-95 سوویت یونین کے دور میں ڈیزائن کیا گیا ایک بڑا بمبار طیارہ ہے، جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔






