صحت مند دل، صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند دل، صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے۔

عالمی یومِ قلب کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دل کے امراض سے بچاؤ کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے، طرزِ زندگی میں صحت مند تبدیلی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 6 اضلاع میں کیتھ لیبز کے ذریعے امراضِ قلب میں مبتلا 7294 مریضوں کے کامیاب پروسیجر کیے گئے ہیں۔ جہلم، جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں 4448 مریضوں کی انجیوگرافی جبکہ 2763 افراد کی انجیوپلاسٹی کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو کامیابی سے عارضی پیس میکر لگائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ 8 اضلاع میں نومبر جبکہ 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تمام دل کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دل کے مریضوں کے لیے فری میڈیسن، فری اسٹنٹ اور فری بائی پاس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت اسکریننگ بھی کی جارہی ہے۔

مریم نواز شریف نے طلبہ سے جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر ڈویژن میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین میں دل کے امراض سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکولوں میں بچوں کی ہارٹ ہیلتھ اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کو دل کے امراض سے محفوظ اور صحت مند زندگی فراہم کریں گے۔