نیپال میں دیکھتے ہی دیکھتے پورا پہاڑ دریا برد، خوفناک مناظر کی ویڈیوز وائرل

*نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، پہاڑ 6 سیکنڈ میں دریا برد*

 

نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث گنڈکی صوبے میں دریائے کالی گنڈکی ہفتے سے بپھرا اور اتوار کو شدید سیلاب میں تبدیل ہوگیا۔ مستنگ، میاگدی، پربت اور سیانگجا میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

 

مٹی کا تودہ پربت کے ایک گاؤں کو مکمل بہا لے گیا، شاہراہیں بند ہوگئیں اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

 

مستنگ میں پہاڑ کا ایک بڑا حصہ محض 6 سیکنڈ میں دریائے کالی گنڈکی میں گر گیا جس سے دریا کا بہاؤ عارضی طور پر رک گیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں پہاڑ کو گرتے اور مقامی افراد کو چیختے سنا جاسکتا ہے۔

 

سیلاب میں 24 افراد ہلاک اور 14 لاپتا ہوگئے، جبکہ ہمال کے بیس کیمپ پر برفانی تودہ گرنے سے 2 افراد ہلاک اور 10 لاپتا ہوئے۔