چین کا ایران کے حقوق کے تحفظ کا اعلان، ہرمز کھولنے پر بھی زور دے دیا

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات میں کہا ہے کہ بیجنگ ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کو تیار ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے بدھ کو بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہا کہ چین ایران کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا اور اس کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ میں تعاون جاری رکھے گا۔

وانگ یی نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ جاری تنازع کے دوران تحمل اور دانش مندی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریق مؤثر اقدامات کریں تاکہ اس اہم بحری گزرگاہ پر معمول کی آمدورفت بحال ہو سکے۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی جانب واپس آنے اور باہمی تشویش کے معاملات پر بامعنی مذاکرات کرنے پر بھی زور دیا۔

چین نے خطے میں جاری کشیدگی کے مزید یمن اور بحیرہ احمر تک پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیجنگ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور کشیدگی کم کرنے کی حمایت کر چکا ہے، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششوں کی بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت انتہائی محدود ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق منگل کو صرف چار بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ جنگ سے قبل اس راستے سے عالمی تیل اور ایل این جی کی تقریباً پانچویں حصے کی سپلائی گزرتی تھی۔