اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب میں مقدس مقامات اور شہری تنصیبات کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں سے بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا، مقدس مقامات اور مساجد کا تقدس متاثر ہوا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کے خلاف حوثی ملیشیا کی کارروائیاں اسلامی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور قانون کے منافی ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم نے کہا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے، ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی اور انہیں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
او آئی سی نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریاض کی جانب سے اپنی سلامتی، خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔






