2 کشتیوں نے آگ پکڑ لی،درجنوں افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ

چین اور فلپائن میں کشتیوں میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ فلپائن کے واقعے میں 80 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاؤ میں مرمت کے لیے کھڑے ایک غیر ملکی کارگو جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، تاہم لاپتا افراد کی تعداد کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور ممکنہ متاثرین کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے حادثے کی فوری اور جامع تحقیقات کے ساتھ غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا۔

متعلقہ حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ اور جہاز پر جاری مرمتی کام کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب فلپائن میں پالوان کے ساحل کے قریب مسافر اور کارگو کشتی میں آگ لگنے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی جاری ہے۔ کوسٹ گارڈ، فوج، مقامی ماہی گیروں اور شہریوں کی کشتیاں سمندر میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق شدید گرمی اور مزید دھماکوں کے خدشے کے باعث امدادی اہلکار تاحال جلنے والی کشتی پر سوار نہیں ہوسکے۔ اب تک 43 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جن میں چلی کے دو شہری بھی شامل ہیں، جبکہ کم از کم 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق فیری منیلا کے بیسکو سے پالوان کے سیاحتی مقام کورون جارہی تھی۔ کشتی پر 117 مسافر اور 17 عملے کے ارکان سوار تھے، جبکہ اس کی مجموعی گنجائش 330 افراد تھی۔

امدادی کارروائیوں کے لیے کوسٹ گارڈ نے 44 میٹر طویل دو کشتیاں اور تین چھوٹے بحری جہاز روانہ کیے ہیں۔ فوج کی ریسکیو کشتیاں، مقامی ماہی گیر اور نجی ریزورٹس کے مالکان بھی تلاش کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

ایک مسافر کے مطابق آگ پھیلنے سے قبل کارگو ہولڈ سے زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی، تاہم حکام نے تاحال آتشزدگی کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔