آبنائے ہرمز کشدگی: امریکا کا ایران کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بحری آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوششوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ ایران کی جانب سے بحری راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو معمول یا مستقل صورتحال بننے سے روکا جا سکے۔

ٹومی پگوٹ نے کہا کہ امریکا عالمی معیشت کو دباؤ میں لانے یا بلیک میل کرنے کی ایران کی کوششوں کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔ امریکا ایران کو آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر کرنے یا عالمی معیشت کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کو شدید خدشات لاحق ہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والی تجارتی بحری ٹریفک میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔