اڈیالہ جیل کے اطراف نیا سیکیورٹی پلان نافذ کردیا گیا ہے، جو آج سے تاحکم ثانی جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق جیل کے گرد سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے مختلف مقامات پر پولیس کے اضافی ناکے قائم کردیے گئے ہیں۔ داہگل، گیٹ ون، گیٹ فائیو، فارما سوٹیکل فیکٹری، گورکھپور، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، چکری اور ٹھلیاں کے مقامات پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 435 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر متعلقہ اہلکار شامل ہوں گے۔
نئے سیکیورٹی پلان کے تحت داہگل سے گورکھپور تک تمام پٹرول پمپس، ہوٹلوں، دکانوں اور کمروں کو بند کروایا جائے گا، جبکہ مختلف مقامات پر قائم پولیس ناکوں کے ذریعے آمدورفت اور سیکیورٹی کی نگرانی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی نگرانی کی ذمہ داری ایس پی صدر اور انچارج ڈی ایس پی صدر کو سونپی گئی ہے۔ نیا سیکیورٹی پلان آج سے تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔






