جنگ کےاصول تبدیل ، ایران نے امریکا کو خبردار کردیا

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے امریکی فورسز پر کیے گئے خوفناک حملوں کے بعد امریکی حکام مایوسی میں میدانِ جنگ کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی حکام یقینی طور پر سمجھتے ہیں کہ متناسب جوابی کارروائیوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں امریکی اڈوں پر ایران کے حملے صرف ابتدا تھے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اگر امریکا نے اب تک اس حقیقت کو نہیں سمجھا تو اسے دیر ہونے سے پہلے سمجھ لینا چاہیے کہ کھیل کے اصول بدل چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ایران کی سکیورٹی اور اثاثوں کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب پہلے سے زیادہ تیزی، شدت اور تکلیف دہ انداز میں دیا جائے گا۔

قالیباف نے الزام عائد کیا کہ امریکی حکام میدانِ جنگ سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام ایران کی مسلح افواج کے حملوں کے باعث مایوسی کا شکار ہیں اور اپنے بے معنی اور کھوکھلے نعروں سے صورتحال کو پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ ایران کی حالیہ کارروائیوں کو متناسب ردعمل کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ ان کے بقول متناسب جوابی کارروائیوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے یہ بیانات ایران کی مسلح افواج کی جانب سے امریکی فورسز کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔