ایرانی وزارت خارجہ کا امریکی عوام کے نام اہم پیغام جاری

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی جنگوں کی قیمت اپنی جانوں اور ٹیکس کے پیسوں سے ادا نہ کریں۔ انہوں نے امریکی شہریوں سے سوال کیا کہ ان کے بیٹوں اور بیٹیوں کو اس جنگ میں کیوں شامل کیا جا رہا ہے اور جنگ میں حصہ لینے کے بدلے تعلیمی اور کریڈٹ کارڈ قرضوں کی معافی کی پیشکش کیوں کی جا رہی ہے۔ اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل ایران کے ساتھ جنگ کو مزید طول دینا اور اسے وسیع کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جریدے یروشلم پوسٹ میں امریکی شہریوں کو ایران جنگ میں بھرتی کرنے کے بدلے قرض معافی کے منصوبے پر بات کی گئی ہے، جو ان کے بقول کسی اور کی جنگ لڑنے کے مترادف ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اپنی جانوں اور ٹیکس کے پیسوں کو ایسی جنگ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں جس کا انہوں نے انتخاب نہیں کیا، اور اپنے بچوں کو اس جنگ میں شامل ہونے سے روکیں۔