وزارت مذہبی امور نے نجی حج اسکیم کے تحت حج پیکیجز کے انتخاب اور رقم کی ادائیگی کے لیے آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کردی ہے۔ وزارت کے مطابق رواں سال نجی حج اسکیم کے تحت عازمین کی سہولت کے لیے 14 لاکھ روپے سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک کے 16 بنیادی حج پیکیجز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ عازمین اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق پیکیج منتخب کرسکتے ہیں، جن میں مختصر مدت کے حج، بیرون ملک سے براہ راست پروازوں اور فائیو اسٹار سہولیات سمیت مختلف آپشنز شامل ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بیشتر منظور شدہ حج آرگنائزر کمپنیوں نے اپنے پیکیجز حج پورٹل پر اپ لوڈ کردیئے ہیں، جہاں عازمین پیکیجز اور ان کی تفصیلات دیکھ کر اپنی پسند کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ وزارت نے ہدایت کی ہے کہ پیکیج منتخب کرنے کے بعد ادائیگی صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے اور کسی فرد، ایجنٹ یا حج کمپنی کو براہ راست رقم دینے سے گریز کیا جائے تاکہ مالی نقصان اور دھوکا دہی سے محفوظ رہا جاسکے۔ وزارت کے مطابق مقررہ تاریخ تک نجی حج اسکیم کا کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں باقی نشستوں کا کوٹہ دوبارہ مختص کیا جاسکتا ہے، لہٰذا حج 2027 کا ارادہ رکھنے والے عازمین مقررہ وقت کے اندر پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی مکمل کرلیں۔






