پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیرِ خارجہ سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور سندھ طاس معاہدے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیرِ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے افغانستان سے پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب نائب وزیرِ اعظم کی لندن میں برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور قابلِ قبول حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششیں جاری ہیں۔






