تہران (آئی این پی) ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے باوجود ایران نے اربوں ڈالر کمائے اور لاکھوں بیرل تیل فروخت کیا۔
ایرانی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران ایران نے 70 ملین بیرل تیل فروخت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کو نظرانداز کیا اور اب روزانہ امریکی بحری جہازوں کو بھی تیل فروخت کیا جا رہا ہے۔
محسن رضائی نے دیگر ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کے خلاف امریکی اقتصادی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران پہلے بات چیت کرتا ہے اور متعلقہ ممالک سے کہتا ہے کہ وہ امریکا سے اپنی صفیں الگ کرلیں، تاہم اگر وہ ایسا نہ کریں تو ایران دشمن ملک کے مفادات کو نشانہ بنائے گا۔






