بنگلہ دیش میں ایک اور بڑی تبدیلی

بنگلہ دیش میں حکمران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر ملک کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

 

78 سالہ مرزا فخر الاسلام نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل اور اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔ رواں سال 12 فروری کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔

 

مرزا فخر الاسلام 2016 سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے دور حکومت میں انہیں متعدد بار گرفتاری اور مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

 

صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے استعفیٰ کے بعد کرایا گیا جنہوں نے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل خرابی صحت کے باعث گزشتہ ماہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

 

بنگلہ دیش میں صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی نوعیت کا ہے۔ نئے صدر سربراہ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف ہوں گے جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات وزیراعظم اور کابینہ کے پاس رہیں گے۔