امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اتحادی ممالک کو واضح پیغام دیا ہے کہ انہیں اب امریکا اور ایران میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا فیصلہ کرے کہ وہ کس کا ساتھ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتحادی ممالک اس ’قاتل حکومت‘ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں امریکا کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
امریکی وزیرِ خزانہ نے اعلان کیا کہ ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کی جائیں گی اور ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد ایرانی معیشت کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے تاکہ تہران کے پاس اپنی پراکسیز کی مالی معاونت اور انہیں طاقت فراہم کرنے کی صلاحیت محدود ہو جائے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے تصدیق کی کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی جاری ہے اور اس پالیسی کا بنیادی ہدف ایرانی حکومت کا خاتمہ ہے۔






