پیپلز پارٹی کے وفد اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد میں اسپیکر ایاز صادق کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ بھی شامل تھے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی نے شکایت کی کہ ہر اہم قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملے میں انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ وفد نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے بھی تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کی وعدہ خلافیاں جاری رہیں تو ساتھ چلنا مشکل ہو جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے جواب دیا کہ اگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد دے تو تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔ قانون سازی کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی کے خدشات دور کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ دونوں اتحادی جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں اور اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔






