تہران (آن لائن) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کا موقع عظیم پاکستانی قوم کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا قیمتی موقع ہے۔ یہ دن ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نئے موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک میں موجود وسیع صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کو تیار ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ باہم جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
مسعود پزشکیان نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید مضبوط اور مستحکم ہونے کی دعا بھی کی۔






