قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مری پہنچ گئے

مری (آن لائن) مری کے کشمیر پوائنٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اہم سیاسی بیٹھک متوقع ہے، جہاں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گزشتہ شام مری ایکسپریس وے کے راستے کشمیر پوائنٹ میں اپنی نجی رہائش گاہ پہنچ گئی تھیں، جبکہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف بھی گزشتہ چند روز سے گلیات میں قیام کے بعد مری پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم پارٹی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، اہم وفاقی وزرا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور آزاد کشمیر کے نومنتخب لیگی ارکان اسمبلی کی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔

کشمیر پوائنٹ مری ایک بار پھر اہم سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بننے کا امکان ہے۔ بڑی سیاسی شخصیات کی آمد کے پیش نظر مری میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد پر بھی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔