قومی یکجہتی اور مفاہمت مسائل کا حل ہیں، ندیم افضل چن

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پاکستان کو آج مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور معاشی مشکلات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ مسائل کا حل سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، مفاہمت اور جمہوری تسلسل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی ریلیف، نوجوانوں کو روزگار اور عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم، ہنر اور روزگار کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ضروری ہیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہوسکتا، تمام سیاسی قوتوں کو ملک کے مفاد میں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کا استحکام اور پارلیمنٹ کی مضبوطی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔ موسمیاتی تبدیلی بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہے، ماحول کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنائے بغیر پاکستان حقیقی ترقی نہیں کرسکتا۔ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان مساوات، رواداری، جمہوریت اور عوام کی فلاح کا پاکستان تھا۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق، جمہوریت، آئین اور وفاق کی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور خودمختار ملک بنانے کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔