ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
عالمی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ جب جنگ بندی کے آغاز کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی تو توسیع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے لیے کوئی مذاکرات جاری نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکا نے معاہدے کے 48 گھنٹے بعد ہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ ایران کا مطالبہ ہے کہ امریکا مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ عہدیدار کے مطابق جنگ بندی کے معاملے پر فی الحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
اس سے قبل ترک نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اور امریکا 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر متفق ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ہوا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ جنگ بندی 17 اگست کو ختم ہو رہی تھی، تاہم دونوں ممالک نے اسے مزید بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔






