پیپلز پارٹی اور ن لیگ چور ، پی ٹی آئی کی پیپلز پارٹی سے مذاکرات کی مخالفت

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پیپلز پارٹی سے کسی قسم کا مذاکرات نہیں کرے گی۔ انہوں نے پی پی پی اور ن لیگ دونوں کو چور قرار دیا۔

پشاور میں شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز اور ارکان قومی اسمبلی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ بات کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ یہ ہماری ریڈ لائن ہے اور صحت کے معاملے پر کسی ہتھکنڈے کو برداشت نہیں کریں گے۔ پی ڈی ایم مل کر بھی بانی کی پارٹی ختم نہیں کر سکی۔ قوم بانی کے ساتھ کھڑی ہے۔ کئی مہینے گزر گئے لیکن بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بانی کے معاملے پر ابھی تک کوئی سوموٹو نوٹس بھی نہیں لیا گیا۔

شیخ وقاص اکرم نے سوال اٹھایا کہ اسحاق ڈار کے نواسے کے خلاف ایف آئی آر کا کیا بنا؟ فارم 47 کی حکومت اس معاملے پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی کی صحت سے متعلق کوئی خبر آئی تو پوری پارٹی پریشان ہوگی۔ مریم نواز اور شہباز شریف کو بانی کی صحت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس بانی کی صحت کا نوٹس لیں اور فوری ملاقات کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ بھی جیل میں بانی کے ساتھ ہونے والے سلوک پر اپنے اختیارات استعمال نہیں کر رہی۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز جلد سنیں۔ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ کا رویہ پنجاب انتظامیہ سے مختلف ہوگا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مریم نواز کے دور میں 2 خواتین تھانے میں ہلاک ہوئیں۔ کیا سی سی ڈی صرف غریبوں کے لیے ہے؟ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ انہوں نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو چور قرار دیا اور کہا کہ کشمیر الیکشن میں ن لیگ اور پی پی پی نے ایک دوسرے کی اوقات یاد دلا دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ججز کی تعیناتی میں سیاسی مداخلت مسترد کرتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہم نے متعدد بار بات کی ہے اور 26ویں آئینی ترمیم پر جے یو آئی نے ہمارا ساتھ دیا۔ جے یو آئی کے ساتھ ہم ایشو ٹو ایشو بنیاد پر بات چیت کرتے ہیں۔