اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئرپورٹ پر ایک فیاٹ پانڈا گاڑی نجی طیارے سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہو کر ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔
تصادم کے نتیجے میں طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک والے حصے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی اہلکار موقع پر پہنچے اور طیارے کے ساتھ گاڑی کا بھی معائنہ کیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم واقعے کے باعث لیناتے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن تقریباً 30 منٹ تک معطل رہا۔
ایئرپورٹ پر اس دوران متعدد پروازوں کی آمد و روانگی متاثر ہوئی، جبکہ کچھ پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گراؤنڈ سروس کی گاڑی کا ڈرائیور طیارے سے ٹکرانے سے قبل گاڑی پر قابو کیوں نہ رکھ سکا۔ ابتدائی طور پر ڈرائیور کی ممکنہ توجہ بھٹکنے یا طبی مسئلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام نے ان وجوہات کی تصدیق نہیں کی۔






