میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا ہوا؟ والد کے اہم انکشافات

مقتول تاجر میر رضا کے والد میر حسین نے کہا ہے کہ 13 روز گزرنے کے باوجود یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کے بیٹے کے ساتھ اصل میں کیا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میر رضا کو انصاف دلانے کے لیے وہ ہر ممکن حد تک جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے کہا کہ جس مقام سے میر رضا کی لاش ملی، اس علاقے میں ان کے بیٹے کا نہ کوئی دوست تھا اور نہ ہی وہاں ان کی آمدورفت تھی۔

انہوں نے کہا کہ 13 روز بعد اب انہیں اطمینان ہے کہ حکام کی جانب سے تعاون کیا جا رہا ہے۔ نئی تفتیشی ٹیم کی تشکیل امید کی کرن ہے اور توقع ہے کہ ٹیم کیس کو مثبت انداز میں آگے بڑھائے گی۔

میر حسین کا کہنا تھا کہ اگر واقعے کے ابتدائی دنوں میں مؤثر انداز میں تحقیقات کی جاتیں تو کیس اس وقت مختلف مرحلے میں ہوتا، تاہم اب بھی خاندان اس حقیقت سے لاعلم ہے کہ میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان اپنی سطح پر بھی واقعے کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔ میر رضا کا کچن جائے وقوعہ سے تقریباً نصف کلومیٹر دور تھا، جبکہ تین مشکوک افراد سے متعلق معلومات پہلے ہی پولیس کو فراہم کی جا چکی ہیں۔

میر حسین کے مطابق سابق تفتیشی ٹیم نے خاندان کے ساتھ تحقیقات کی تفصیلات بھی شیئر نہیں کیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی تفتیشی ٹیم شفاف تحقیقات کرتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔