وفاقی حکومت نے محمد علی ملک کو فوری طور پر پانچ سال کی مدت کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کر دیا ہے۔
10 اگست 2026 کو فنانس ڈویژن کے انٹرنل فنانس ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956 کے سیکشن 11A(2) کے تحت کی گئی ہے، جس میں 2022 میں ترمیم کی گئی تھی۔
محمد علی ملک کو مرکزی بینکاری، مانیٹری پالیسی اور مارکیٹ آپریشنز کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ڈپٹی گورنر مقرر ہونے سے قبل وہ اسٹیٹ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور مانیٹری پالیسی کمیٹی سمیت مختلف اہم ایگزیکٹو کمیٹیوں کے امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک میں اپنے کیریئر کے دوران محمد علی ملک ڈومیسٹک مارکیٹس اور مانیٹری مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے لیکویڈیٹی مینجمنٹ، حکومتی سیکیورٹیز اور ملکی منی مارکیٹ سے متعلق امور کی نگرانی کی۔
بین الاقوامی سطح پر بھی وہ واشنگٹن میں قائم انٹرگورنمنٹل گروپ آف ٹوئنٹی فور (G24) سمیت مختلف فورمز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے ادائیگیوں اور سیٹلمنٹ سسٹمز، کرنسی سویپ اور مقامی کرنسی میں لین دین کے نظام سے متعلق اصلاحات میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔






