ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملکی مسلح افواج میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے 6 اعلیٰ فوجی عہدوں پر نئی تقرریاں کر دی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے میجر جنرل علی عبداللہی کو ایرانی مسلح افواج کا چیف آف اسٹاف مقرر کیا ہے، جبکہ بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری کو ڈپٹی چیف آف اسٹاف کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
احکامات کے تحت جنرل احمد وحیدی کو اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کا کمانڈر اِن چیف مقرر کیا گیا ہے۔ میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی کو آئی آر جی سی کا ڈپٹی کمانڈر اِن چیف بنایا گیا ہے۔
اسی طرح ریئر ایڈمرل علی ازمئی کو آئی آر جی سی نیوی کا کمانڈر مقرر کیا گیا، جبکہ حسین تائب کو آئی آر جی سی کی بسیج تنظیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے تقرریوں کے حوالے سے جاری احکامات میں متعلقہ افسران کی صلاحیت، تجربے اور خدمات کو مدنظر رکھنے کا ذکر کیا۔
یہ اہم فوجی تقرریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب آبنائے ہرمز ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا اہم مرکز بنی ہوئی ہے۔ سابق آئی آر جی سی کمانڈر محسن رضائی نے جولائی میں آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کو ملکی سلامتی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا تھا۔






