انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2026 کے لیے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کو جولائی کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن بھی شارٹ لسٹ میں شامل ہیں۔
جسٹن گریوز نے جولائی میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی ایک صفر سے سیریز جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ میچز میں 229 رنز بنائے۔ ان کی اوسط 114.50 اور اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن نے زمبابوے کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 159 رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 140 رنز اسکور کیے۔ یوں وہ دونوں فارمیٹس کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔






