یوکرین نے روس پر تازہ ڈرون حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق روس کے علاقے تاتارستان کے شہر نزنیکمسک میں یوکرین کے ڈرون حملے میں صنعتی اور شہری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے۔
شہر کے میئر رادمیر بیلیایف نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ حملے میں صنعتی اور شہری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم انہوں نے اہداف کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
مختلف روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں خطے کی آئل ریفائنری کو بھی نقصان پہنچا، جو روس کی ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین ریفائنریوں میں شمار ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں آئل ریفائنری کے اوپر سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دیا، تاہم رائٹرز ان ویڈیوز کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔
ٹینیکو ریفائنری کو رواں سال جون کے آغاز میں بھی یوکرین کی جانب سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ریفائنری نے 2024 میں 17 ملین ٹن خام تیل پراسیس کیا، جس سے 27 لاکھ ٹن پٹرول اور 85 لاکھ ٹن ڈیزل ایندھن تیار کیا گیا۔






