خوفناک آگ لگنے سے درجن سے زائد مزدور جاں بحق

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلہ دیشی تارکین وطن مزدور جاں بحق ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی وزارتِ مہاجرین کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق فائر سروس ڈیپارٹمنٹ نے واقعے میں 16 بنگلہ دیشی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

وزیرِ مہاجرین کی بہبود و اوورسیز ایمپلائمنٹ عارف الحق چودھری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزارت کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق بنگلہ دیش کے شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا، جبکہ دیگر کا تعلق نٹور اور راجشاہی اضلاع سے تھا۔

عارف الحق چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں روزگار کے لیے موجود تارکین وطن کی اس طرح اچانک اور المناک موت انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں بنگلہ دیشی سفارتخانہ جائے حادثہ اور مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں جلد وطن واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری سرکاری امداد اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔