چین کے مشرقی ساحل سے رواں سال کا طاقتور ترین سمندری طوفان ’ڈولفن‘ ٹکرا گیا ہے، جس کے باعث ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور شدید ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان کے بعد سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
چین کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے مشرقی صوبے ژجیانگ کے علاقے یوہوان کے قریب ساحل سے ٹکرایا۔ اس دوران طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 42 میٹر فی سیکنڈ یعنی 151 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
چین پہنچنے سے قبل طوفان جاپان کے جنوبی علاقے اوکیناوا سے گزرا، جہاں چھ افراد زخمی ہوئے اور 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی معطل ہوگئی۔
طوفان کے خطرے کے پیش نظر حکام نے ساحلی علاقوں میں حفاظتی اقدامات سخت کردیے ہیں۔ ساحل سے دور کام کرنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، کشتیاں بندرگاہوں پر واپس بلا لی گئیں جبکہ ڈیموں، پہاڑی ندی نالوں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں اور سیاحتی مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 10 اگست تک ژجیانگ، شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی و جنوبی انہوئی اور جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ژجیانگ کے بعض علاقوں میں 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔
نیشنل میٹروولوجیکل سینٹر کے چیف فورکاسٹر وانگ ہائی پنگ کے مطابق طوفان کے مغرب کی جانب بڑھنے کے بعد وسطی اور جنوب مغربی چین میں اس کی شدت بتدریج کم ہونے کا امکان ہے۔ تاہم شدید بارشوں کا دورانیہ طویل ہوسکتا ہے، جس سے پہاڑی علاقوں اور چھوٹے دریاؤں کے اطراف سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
طوفان کے باعث چین کے مشرقی حصوں میں نقل و حمل کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ صرف شنگھائی سے 30 ہزار 300 سے زائد افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق تقریباً 1,500 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ژجیانگ کے شہر وینژو میں 9 لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے ایک ہزار سے زیادہ ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ فوجیان میں بھی خطرناک علاقوں سے 98 ہزار 900 افراد کو نکالا گیا ہے جبکہ شنگھائی، ژجیانگ اور جیانگ سو میں لیول تھری کا الرٹ نافذ ہے۔
فوجیان کے بحری حکام کے مطابق 55 ساحلی مسافر فیری روٹس معطل کردیے گئے ہیں، سمندر میں جاری 115 تعمیراتی منصوبے روک دیے گئے جبکہ 290 تعمیراتی جہازوں کو محفوظ پانیوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
پانی کے وسائل کی وزارت نے چیانتانگ، یونگ، جیاؤ اور شوئی یانگ دریاؤں میں بڑے سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ شنگھائی کی میری ٹائم سیفٹی انتظامیہ کے مطابق یانگ شان بندرگاہ سے بڑے جہازوں کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ 500 سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کے احکامات پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔






