پاسدارانِ انقلاب کے سابق چیف ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ مقرر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا نیا سیکرٹری مقرر کردیا ہے۔

ایرانی صدر کے دفتر کے مطابق محمد باقر ذوالقدر کے سیکرٹری کے عہدے سے استعفا دینے اور نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد محسن رضائی کو صدر کے حکم نامے کے ذریعے یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی۔

اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔ ان کی نامزدگی ایران عراق جنگ کے دوران ان کے تجربے اور کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔

محسن رضائی ایران کے سینئر عسکری اور سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 1981 سے 1997 تک پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر رہے اور تشخیصِ مصلحت کونسل کے رکن بھی ہیں۔ رواں سال مارچ میں انہیں ایران کے سپریم لیڈر کا فوجی مشیر بھی مقرر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب مجتبیٰ خامنہ ای نے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری محمد باقر ذوالقدر کو اپنا سیاسی مشیر مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالقدر کے قیمتی تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ایران کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت میں یہ اہم تبدیلیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان تقریباً دو ہفتوں تک حملوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بمباری روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن رضائی کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کے طور پر تقرری کو ایران کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔