فوجی اڈوں کا مستقبل،عالمی سطح پر دو ممالک کے درمیان بڑا معاہدہ ہو گیا

شامی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام اور روس نے 18 ماہ پر محیط مذاکرات کے بعد طرطوس اور حمیمیم میں روسی اڈوں کے مستقبل سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کرلیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت حمیمیم ایئر بیس اور طرطوس بحری اڈے کو نئے انتظامات کے تحت مشترکہ تربیتی مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ یہ عمل تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

شامی وزارتِ خارجہ کے مطابق شامی ریاست ان اڈوں کی سول تنصیبات کا انتظام سنبھال لے گی، جن میں حمیمیم ہوائی اڈا اور طرطوس بندرگاہ کا تجارتی گھاٹ بھی شامل ہیں۔ ان تنصیبات کو بتدریج شام کے شہری انتظامی نظام میں ضم کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق شام اور روس دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ طرطوس میں روسی بحری تنصیب اور حمیمیم فضائی اڈا طویل عرصے سے بحیرۂ روم اور مشرقِ وسطیٰ میں روس کے اہم فوجی مراکز رہے ہیں۔

سابق صدر بشار الاسد کو دسمبر 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے ان اڈوں کے مستقبل پر شام کی نئی قیادت اور روس کے درمیان مذاکرات جاری تھے۔

دوسری جانب شام کی جنرل اتھارٹی برائے بندرگاہیں و کسٹمز نے بتایا کہ شام طرطوس بندرگاہ میں ان تجارتی مقامات کا انتظام بھی سنبھالے گا جو اس سے قبل روس کے زیرِ انتظام تھے، جن میں پیئر نمبر 4، گودام اور دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں۔