متحدہ عرب امارات کی حکومت نے 28 اگست بروز جمعہ نبی کریم ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ 28 اگست 2026 کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عام تعطیل ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کرنے والے ملازمین کو 28 سے 30 اگست تک مسلسل تین روز کی چھٹی ملے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم ربیع الاول کے آغاز اور چاند کی حتمی رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب اگست 2026 میں پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پر 12 تعطیلات ملنے کا امکان ہے، جن میں دو وفاقی اور 10 ہفتہ وار تعطیلات شامل ہیں۔
14 اگست بروز جمعہ یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہوگی، جبکہ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روز کی چھٹی ملے گی۔






