خوفناک ڈرون حملہ ، 35 افراد مارے گئے

سوڈان کے علاقے دارفور میں ایک سول عدالت پر مبینہ طور پر سوڈانی فوج کے ڈرون حملے میں کم از کم 35 افراد ہلاک ہو گئے۔

انسانی حقوق کی ایک مقامی تنظیم کے مطابق اتوار کی سہ پہر شمالی دارفور ریاست کے الزاویہ گارا گاؤں میں ڈرون حملے کے ذریعے سول کورٹ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ عمارت علاقے میں عدالتی اور سماجی خدمات انجام دے رہی تھی۔

تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر براہِ راست حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تنازعات پر نظر رکھنے والے گروپ آرمڈ کنفلیکٹ لوکیشن اینڈ ایونٹ ڈیٹا کے مطابق سوڈان میں اپریل 2023 سے نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) اور سوڈانی فوج کے درمیان جاری جنگ میں کم از کم 59 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق سوڈان کی موجودہ جنگ میں ڈرون حملے ایک نمایاں پہلو بن چکے ہیں، جہاں دونوں فریق ایک دوسرے پر ایسے حملے کر رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق 2026 کے پہلے چار ماہ کے دوران شہریوں کی تقریباً 80 فیصد اموات ڈرون حملوں کے باعث ہوئیں۔