//

امریکا اپنی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش میں حملے کر رہا ہے، پاسداران انقلاب

تہران (آئی این پی): پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکا اپنی فوجی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش میں ایران پر مسلسل حملے کر رہا ہے، تاہم ایرانی مسلح افواج بھرپور جواب دے رہی ہیں اور آبنائے ہرمز کا کنٹرول بھی مکمل طور پر ایران کے ہاتھ میں ہے۔

پاسداران انقلاب کے سیاسی امور کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ اردن، کویت، عمان اور دیگر ممالک میں قائم امریکی بیسز پر حملوں میں بھاری نقصان ہوا ہے اور شدید حملوں کا یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اس جنگ میں اپنی شکست کا مداوا کرنے کے لیے مسلسل حملے کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز میں جنگ سے پہلے والی صورتحال بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ خطے میں جیوپولیٹیکل زلزلہ آ چکا ہے۔

کمانڈر نے کہا کہ جنہوں نے سپریم لیڈر کو شہید کیا ہے انہیں سزا دی جائے گی، اور ان سے بدلہ لیا جائے گا، اس لیے انہیں سکون، نیند اور آرام بھول جانا چاہیے۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اسٹریٹجک بحری گزرگاہ پر ایران کے کنٹرول نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر دیا ہے۔ ان کے مطابق امریکا ایران کے نافذ کردہ نئے قانون کو چیلنج کرنے کے لیے فوجی جارحیت اور بحری ناکہ بندی کی کوشش کر رہا ہے، تاہم آبنائے ہرمز ایران کا حصہ ہے اور اس پر مکمل کنٹرول ایران کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے فوجی اور شہری اہداف پر ہونے والے ہر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا ہے۔ ان کے بقول امریکا نے چاہے فوجی مراکز، شہری علاقوں، فوجی اہلکاروں یا عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہو، ہر کارروائی کا بھرپور جواب دیا گیا ہے اور پاسداران انقلاب نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close