امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے ساتھ بڑے تیل معاہدوں کا اعلان کرتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر 20 فیصد فیس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
وائٹ ہاؤس میں عراق کے وزیراعظم علی الزیدی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا عراق کے ساتھ تیل سمیت مختلف شعبوں میں بڑے معاہدے کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں عراق میں تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں گی، جس سے دونوں ممالک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عراق اپنے وسیع تیل ذخائر کے باعث بڑی معاشی صلاحیت رکھتا ہے اور ان معاہدوں سے امریکا اور عراق دونوں کو فائدہ ہوگا۔
امریکی صدر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر 20 فیصد فیس کے فیصلے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بجائے تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک امریکا میں سرمایہ کاری کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا دوبارہ کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔
امریکی صدر نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق سعودی عرب، قطر، بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ ہوا، جنہوں نے آبنائے ہرمز کی فیس کے بجائے امریکا میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
ٹرمپ نے کہا کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس وصول کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے اور وہ خود بھی اس تصور کو پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عراق کو مدد کی ضرورت ہوئی تو امریکا تعاون کے لیے موجود ہوگا، جبکہ ایران کو معاہدے کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے ایرانی جہازوں کی آمد و رفت محدود کی جائے گی، جبکہ دیگر ممالک کے تجارتی جہازوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ یا ایران کے بغیر آبنائے ہرمز کھلی رہے گی اور امریکا خطے میں بحری آمد و رفت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس سے قبل انہوں نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کارگو جہازوں پر 20 فیصد معاوضہ عائد کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






