خبردار !!! اہم پابندی عائد کر دی گئی

مون سون کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں حفاظتی اقدامات سخت، سیلاب اور گلیشیائی جھیلوں کے خطرے پر ہائی الرٹ

خیبرپختونخوا میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور گلیشیائی جھیلوں کے خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مختلف اضلاع میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے عوام کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے مون سون سیزن کے اختتام تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت دریاؤں، ڈیموں، نہروں اور آبی گزرگاہوں میں نہانے، تیراکی اور غیر قانونی بوٹنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پابندی کا مقصد شہریوں کو ممکنہ حادثات اور جانی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں۔

پابندی کا اطلاق پشاور کے مختلف آبی مقامات پر ہوگا، جن میں کابل ریور کنال، جولی شیخ کنال، بڈھنی نالہ، بڑا دریا، شاہ عالم، ناگومان، ادیزئی دریا، ورسک گریویٹی کنال اور ورسک لفٹ کنال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹائر ٹیوبز کے ذریعے بوٹنگ اور پانی کے کناروں پر ہر قسم کی تفریحی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بعض علاقوں میں آبی گزرگاہوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور فلیش فلڈز کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے اپر چترال، لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، گلیشیائی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے۔

اتھارٹی نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ضروری مشینری، امدادی سامان اور عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے تاکہ قدرتی آفت یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔

حکام نے عوام، خصوصاً بالائی علاقوں میں رہنے والے افراد اور سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close