اسلام آباد (آئی این پی): پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن مائیکل بامگارٹنر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں، جبکہ عوامی روابط اور تجارتی تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مستحکم دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں تیزی کے تناظر میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے دو ارکان، ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر، اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے مختلف تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔
اسلام آباد میں امریکی وفد نے لوک ورثہ میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، زبانوں، علاقائی روایات اور نسلی تنوع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ امریکی اراکین کانگریس نے پاکستانی ثقافت اور تاریخی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وفد نے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں تحریکِ پاکستان اور ملکی تاریخ کے مختلف ادوار سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو میں مائیکل بامگارٹنر نے خلیجی بحران میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور تجارتی تعاون میں اضافہ باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
امریکی کانگریس کے دونوں ارکان اپنے دورۂ پاکستان کے دوران لاہور بھی جائیں گے، جہاں وہ تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے علاوہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






