یورپ اس وقت شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے، جہاں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ چکا ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو مزید دو ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔
اسپین میں 21 جون سے اب تک شدید گرمی کے باعث 327 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ جون کے دوران ملک میں درجہ حرارت کے کئی نئے ریکارڈ بھی قائم ہوئے ہیں۔
برطانیہ میں مسلسل تیسرے روز جون کے گرم ترین دن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں درجہ حرارت 36.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیدرلینڈز میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کے بعد ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ شدید گرمی کے باعث متعدد اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
ادھر فرانس میں گرمی کی شدت کے دوران دریاؤں اور نہروں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 55 تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق آج یورپ بھر میں تقریباً 15 کروڑ افراد 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت کا سامنا کریں گے، جبکہ سائنس دانوں نے موجودہ موسم کو یورپ کی تاریخ کی بدترین گرمی کی لہروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






