سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، بولان، واشک اور آواران سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جبکہ سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں بھی متعدد آپریشن کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں خوارج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ان کی نقل و حرکت بھی محدود ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔






