وفاقی حکومت نے اخراجات پر قابو پانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے وزارتِ خزانہ کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
فیصلے کے تحت گزشتہ تین برس سے خالی تمام سرکاری آسامیاں ختم کر دی جائیں گی، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔
رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی برقرار رکھی جائے گی، جبکہ مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
حکومت نے سرکاری اخراجات پر بیرونِ ملک علاج کی سہولت اور غیر ضروری سرکاری بیرونی دوروں پر پابندی بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا، مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور قومی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






