فتنہ الخوارج کے 100 سے زائد دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام،کامیاب آپریشن کے بعد علاقہ کلیئر

خیبرپختونخوا کے شہر ہنگو میں فتنہ الخوارج کے 100 سے زائد دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام بنائی، جبکہ کامیاب آپریشن کے بعد اسکول، دیگر املاک اور پہاڑی علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مارٹر گولے آبادی پر گرنے سے 6 شہری شہید جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق دہشت گرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو اٹھا کر فرار ہو گئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close