نیا مہلک وائرس منکی پاکس، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا

جنیوا (پی این آئی) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مختلف ممالک میں منکی پاکس کے مزید کیسز بھی سامنے آ سکتے ہیں اور اس خدشے کے پیش نظر ان ممالک کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے جہاں ابھی تک یہ بیماری رپورٹ نہیں ہوئی۔ مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز 12 رکن ممالک سے منکی پاکس کے 92 مصدقہ اور 28 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جہاں یہ وائرس پہلے سے موجود نہیں تھا۔

ڈبلیو ایچ او نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں منکی پاکس کے پھیلاؤ سے روکنے سے متعلق رہنمائی اور مشورے بھی فراہم کریں گے۔ اب تک کی دستیاب معلومات کے مطابق یہ وائرس انسانوں سے دوسرے انسانوں کو قریبی جسمانی رابطے کے باعث لاحق ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تاریخ میں پہلی بار یہ وائرس افریقی ممالک سے نکل کر دنیا بھر میں پھیلتا ہوا معلوم ہو رہا ہے اور اس کی تشخیص ایسے افراد میں بھی ہو رہی ہے جو کبھی افریقی ممالک گئے ہی نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منکی پاکس ایک ایسا وائرس ہے جو جنگلی جانوروں خصوصاً زمین کھودنے والے چوہوں اور بندروں میں پایا جاتا ہے اور اکثر ان سے انسانوں کو بھی لگ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کی دنیا بھر میں منتقلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔۔۔۔۔

close