پی ٹی اے نے غیر فعال اور بند سمز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی تیاری کر لی ہے اور صارفین کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر فعال، منسوخ یا استعمال میں نہ رہنے والے موبائل نمبرز پر بنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر فعال نمبرز کو فراڈ، اسکیمز اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اس لیے ایسا اقدام ضروری ہے۔ اتھارٹی نے ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹس صرف فعال اور موجودہ نمبرز سے منسلک رہیں۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی کسی مزید اطلاع کے بغیر بھی شروع کی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سم کا اسٹیٹس چیک کریں اور نمبر تبدیل کرنے کی صورت میں واٹس ایپ کی Change Number سہولت سے فوراً نیا نمبر اپ ڈیٹ کر لیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بروقت اپ ڈیٹ سے صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی برقرار رکھ سکیں گے اور فراڈ کے خطرات بھی کم ہوں گے۔






