یوٹیوب کی کنٹینٹ کری ایٹرز کو مالیاتی پیکیج کی پیشکش ، جانئے تفصیلات

ڈیجیٹل ویڈیو پلیٹ فارمز کے درمیان بڑھتی مسابقت کے پیش نظر یوٹیوب نے اپنے ٹاپ کنٹینٹ کری ایٹرز کو نیٹ فلکس پر جانے سے روکنے کے لیے کروڑوں ڈالرز کے مالی پیکیجز کی پیشکش کر دی ہے۔

 

امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کری ایٹرز کو رقم 2 طریقوں سے دے گا۔ ایک مخصوص پروگراموں کی براہ راست فنڈنگ اور دوسرا بڑی تجارتی شراکت داریوں سے حاصل ہونے والے ریونیو کا حصہ۔ اگرچہ ابھی باضابطہ معاہدے طے نہیں پائے تاہم یوٹیوب کئی معروف کری ایٹرز کے ساتھ ڈیلز کو حتمی شکل دینے کے قریب ہے۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوب کے اعلیٰ حکام نے کری ایٹرز کو خبردار کیا ہے کہ جو نیٹ فلکس پر مواد پیش کریں گے یا وہاں لائیو سٹریمنگ کریں گے انہیں یوٹیوب کی مارکیٹنگ مہمات سے الگ کر دیا جائے گا۔ اس وقت یوٹیوب دنیا بھر میں کسی بھی دوسرے سٹریمنگ سروس کے مقابلے میں سب سے بڑا ناظرین کا طبقہ رکھتا ہے۔

 

مالی اعداد کے مطابق گزشتہ سال یوٹیوب کی کل آمدنی 60 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی جو نیٹ فلکس کی مجموعی آمدنی سے زیادہ تھی۔ یوٹیوب گزشتہ 4 سالوں میں اپنے کری ایٹرز کو 100 ارب ڈالرز سے زائد رقم تقسیم کر چکا ہے۔

 

دوسری جانب نیٹ فلکس نے نوجوان ناظرین کو راغب کرنے کے لیے یوٹیوب کے مقبول ڈیجیٹل مواد جیسے کوکومیلن کے لائسنس حاصل کیے ہیں جس کے بعد دونوں کمپنیوں کے درمیان مواد کی بالادستی کے لیے ایک نئی معاشی جنگ شروع ہو گئی ہے۔