سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دونوں فارمیٹس کے لیے 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی، جبکہ ان کی عدم دستیابی کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں منیبہ علی ٹیم کی کپتانی کریں گی۔ فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد انگلینڈ میں ہونے والی دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ والی ٹیم سے 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے شامل ہونے والی کھلاڑیوں میں ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔ ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست نے تاحال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔
ون ڈے اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت منیبہ علی کریں گی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جو ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے لیے بھی اہم ہیں۔
ون ڈے میچز سوریاویوا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے مقابلے 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو ہوں گے۔
دورہ سری لنکا سے قبل پاکستان ویمن ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ نیشنل بینک اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں جاری رہا، جہاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فٹنس کی مشقیں کیں۔ ٹیم پیر کو سری لنکا روانہ ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






