مصباح الحق کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کیلئے کامیابی کا فارمولا دے دیا گیا

مصباح الحق کا نوجوان کرکٹرز کو نظم و ضبط اور محنت اپنانے کا مشورہ

قومی سلیکٹر اور بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے پروگرام “سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور سخت محنت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں، تاہم صرف قدرتی ٹیلنٹ کافی نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق درست رہنمائی، مسلسل محنت، مثبت سوچ اور خود کو بہتر بنانے کی لگن ہی کسی کھلاڑی کو اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ کامیاب کرکٹر اپنی فٹنس، روزانہ کی پریکٹس، متوازن غذا اور کارکردگی میں بہتری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ ان کے مطابق یہی عادات طویل مدت میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔

انہوں نے نوجوان کرکٹرز کی تربیت میں چار روزہ کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل فارمیٹ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، ذہنی مضبوطی، ارتکاز، دفاعی کھیل اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو نکھارتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لمبی اننگز کھیلنے کی عادت اسپن بولنگ کے خلاف بہتر کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو معیاری اسپنرز کے خلاف زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔

قومی سلیکٹر نے کوچز، مینٹرز اور والدین پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق ہر کھلاڑی کی صلاحیت، دلچسپی اور نفسیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو ذمہ داریاں ضرور سونپی جائیں، تاہم اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان کا اعتماد، کھیل سے دلچسپی اور سیکھنے کا جذبہ متاثر نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close